کوہلی نہ کرس گیل،بابر اعظم نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

Published On 04 October,2021 07:00 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) ویرات کوہلی اور نہ کرس گیل،قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے بھارتی کپتان اور ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بلے بازکو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے فہرست جاری کی گئی جس میں بتایا گیا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی 20 کرکٹ میں تیز ترین 7000 رنز بنانے والے کرکٹر بن گئے ہیں، انہوں نے یہ سنگ میل 187 اننگز میں عبور کرکے ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بیٹسمین کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا۔

انہوں نے یہ ریکارڈ قومی ٹی 20 چیمپئن شپ میں سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ میں عبور کیا، اس میچ سے قبل بابر اعظم کو سات ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے چار رنز درکار تھے۔

ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بلے باز کرس گیل نے 192 اننگز میں سات ہزار رنز ٹی 20 رنز کا سنگ میل عبور کیا تھا۔

بابر اعظم اس سے قبل تیز ترین چھ ہزار رنز کرنے والے ایشین بیٹسمین بھی رہ چکے ہیں، چھ ہزار رنز مکمل کرنے میں وہ کرس گیل سے صرف تین اننگز پیچھے تھے مگر انہوں نے چھ ہزار سے سات ہزار رنز کا سفر 22 اننگز میں مکمل کیا۔

بابر اعظم نے کم سے کم اننگز کے ساتھ کم سے کم وقت میں بھی تیز ترین سات ہزار رنز کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

قومی کپتان نے ڈیبیو کے 8 سال 10 ماہ میں یہ سنگ میل عبور کیا، وہ نو سال سے کم وقت میں سات ہزار ٹی 20 رنز مکمل کرنے والے پہلے بیٹسمین ہیں۔

یاد رہے کہ اس سال اپریل میں بابر اعظم نے تیز ترین دو ہزار انٹرنیشنل ٹی 20 رنز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔

اس ریکارڈ کے لیے انہوں نے بھارت کے ویرات کوہلی کو چار اننگز سے پیچھے چھوڑا تھا۔
بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے 212اننگز کھیل کر 7ہزار رنز بنائے اور وہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ آسٹریلوی بلے باز ایرون فنچ نے 222،ڈیوڈ وارنر نے 223،کوئنٹن ڈی کوک 225،مارٹن گپٹل235،بریڈ ہوج243،اے بی ڈیویلئرز245اور شیکھر دھون 246اننگز میں 7ہزار بنانے والے بیٹسمینوں میں شامل ہیں۔
 

Advertisement