دبئی: (روزنامہ دنیا) ٹی ٹونٹی ورلڈکپ، سپر 12 راؤنڈ میں آج مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگا۔
پہلا میچ آسٹریلیا اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا، یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔ دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی ٹیمیں ابوظہبی میں مدمقابل ہوں گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔
خیال رہے گزشتہ روز مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے گروپ 2 کے میچ میں نیوزی لینڈ نے سکاٹ لینڈ کو 16 رنز سے شکست دی۔ نیوزی لینڈ نے 173 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں سکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 156 رنز بناسکی۔
اس فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے اہم 4 پوائنٹس حاصل کرلیے اور اسے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اب صرف دو فتوحات درکار ہیں۔ دوسری جانب سپر 12 میں مسلسل تیسری ناکامی کے بعد سکاٹ لینڈ کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے جبکہ اس کے دو میچز ابھی باقی ہیں۔