لاہور:(ویب ڈیسک)ٹی 20ورلڈ کپ کے گروپ 2 کے آخری میچ میں بھارت نے نمیبیا کو با آسانی 9 وکٹوں سے ہرا دیا جبکہ اس میچ میں فتح حاصل کرنے کے باوجود بھی کوہلی الیون کا بوریا بستر گول ہوچکا ہے۔
میگا ایونٹ کے 42ویں میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نےٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
بھارتی ٹیم کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نمیبیا کی ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں8وکٹوں کے نقصان پر132رنز بنائے،ڈیوڈ ویزے نے سب سے زیادہ 26رنز بنائے جبکہ سٹیفن بارڈ 21سکور بناکر نمایاں بیٹر رہے،رویندرا جدیجہ اور روی چندرن ایشون نے 3،3 ،جسپریت بمراہ نے 2کھلاڑیوں کا شکار کیا۔
بھارتی ٹیم نے ہدف 16 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ روہت شرما 37 گیندوں پر 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، راہول 54اور سوریا کمار یادیو نے 25 رنز بنائے۔ واحد وکٹ فرائی لنک نے حاصل کی۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا بطور کپتان ٹی 20 کرکٹ میں یہ آخری میچ تھا، انہوں نے میگا ایونٹ شروع ہونے سے قبل ہی کہہ دیا تھا کہ ٹی 20 کرکٹ ورلڈکپ کے بعد قیادت سے چھوڑ کر بطور بیٹسمین کھیلنا چاہوں گا۔
یاد رہے کہ بھارت اور نمیبیا کی ٹیمیں پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں جبکہ پاکستان،آسٹریلیا،انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہونگی۔