لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی سی بی رمیزراجہ نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی اسٹریٹجی، تکنیک اور گیم پلان ٹیسٹ ہوا، امید ہے قومی ٹیم آئندہ دو میچز میں بھی بہتر کھیل پیش کرے گی۔
چیئرمین پی سی بی رمیزراجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان قومی ٹیم کی وجہ سے کرکٹ کے پیج پر اکھٹا ہے۔ انہوں نے ٹیم پاکستان کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل کامیابی خود اعتمادی پیدا کرتی ہے، امید ہے مزید جو دو میچ رہ گئے ہیں ان میں بھی کرکٹرز بہتر کھیل پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ کرکٹ کے عالمی میلے میں پاکستان کی پرفارمنس شاندار رہی، شاہینوں نے بھارت کو 29 سال بعد تاریخی شکست دیکر میگا ایونٹ میں پہلی مرتبہ روایتی حریف کے خلاف کامیابی سمیٹی۔ اعلی کارکردگی کی بنا پر پاکستان گروپ 2 میں پہلی پوزیشن پر ہے۔ اب گرین شرٹس کو ٹی ٹونٹی عالمی کپ کے سیمی فائنل کا معرکہ درپیش ہے، یہ میچ کل آسٹریلیا کے خلاف کھیلا جانا ہے۔ قومی اسکواڈ کی آج ٹریننگ شیڈول ہے جس میں آسٹریلیا جیسے مضبوط حریف سے نمٹنے سے متعلق ہیڈ کوچ کھلاڑیوں کو ٹپس دیں گے۔