لاہور: (ویب ڈیسک) مسلسل ناقص کارکردگی دکھانے والے اور ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں قیادت چھوڑنے والے ویرات کوہلی سے ون ڈے کپتانی بھی واپس لے لی گئی اور ذمہ داری روہت شرما کے سپرد کر دی گئی۔
بھارتی بیٹسمین روہت شرما کو ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا اعلان بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپر کیا۔
The All-India Senior Selection Committee also decided to name Mr Rohit Sharma as the Captain of the ODI & T20I teams going forward.#TeamIndia | @ImRo45 pic.twitter.com/hcg92sPtCa
— BCCI (@BCCI) December 8, 2021
اس سے قبل روہت شرما کو نومبر میں کوہلی کی جگہ ٹی20 ٹیم کا کپتان نامزد کیا گیا تھا اور ان کی قیادت میں ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں کلین سویپ کیا تھا۔
34 سالہ کوہلی نے ستمبر میں ٹی 20 ٹیم کی کپتانی سے اس لیے استعفیٰ دے دیا تھا کہ ان پر کام کا بہت دباؤ ہے جس کے بعد بھارتی بورڈ نے ان سے ون ڈے کی کپتانی بھی چھین لی ہے۔
واضح رہے کہ روہت شرما نے بھارتی ٹیم کی جانب سے 2007 میں کیریئر کا آغاز کیا جبکہ 2013 میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا۔
وہ انڈین پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینز کی قیادت کرتے ہوئے 5 مرتبہ ٹائٹل جیت چکے ہیں جبکہ کوہلی کی قیادت میں رائل چیلنجرز بینگلور کی ٹیم ایک مرتبہ بھی یہ ایونٹ نہیں جیت سکی ہے۔
ویرات کوہلی جنوبی افریقا کے خلاف 26 دسمبر سے شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان سیریز کورونا کی نئی قسم اومی کرون کی وجہ سے نہ صرف تاخیر کا شکار ہوئی بلکہ اسے مختصر بھی کردیا گیا ہے۔