کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی،وکیل دونوں کیخلاف تھانے پہنچ گیا

Published On 07 December,2021 09:54 pm

ممبئی:(ویب ڈیسک)ایک طرف بالی ووڈ میں کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی میں کچھ روز رہ گئے ہیں تو دوسری طرف ایک وکیل دونوں کے خلاف تھانے پہنچ گیا ہے۔

واضح رہے کہ اداکارہ کترینہ کیف اور وِکی کوشل کی شادی 9 دسمبر کو راجستھان کے ضلع سوائی مدھوپور کے قلعہ سکس سینس فورٹ میں ہوگی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجستھان سے تعلق رکھنے والے نیترابند سنگھ جدون نامی وکیل نے ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی میں سکس سینس فورٹ کے منیجر کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔

وکیل نے مؤقف اپنایا کہ قلعہ کے اطراف کی سڑکوں کو آمدورفت کے لیے 6 سے 12 دسمبر تک بند کردیا گیا ہے، بند راستوں میں سے ایک سڑک مندر کی طرف جاتی ہے۔


اس شکایت کے ساتھ ہی مندر جانے کے خواہش مند افراد کو درپیش مسائل کو دیکھتے ہوئے مندر کا راستہ کھولنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔

اپنی شکایت میں وکیل نے کہا ہے کہ یہ تاریخی مندر ہے جس میں روزانہ کئی عقیدت مند عبادت کرنے آتے ہیں، ہوٹل انتظامیہ نے مندر جانے والا مرکزی راستہ ہی بند کردیا جس کی وجہ سے لوگوں کو مندر جانے میں پریشانی ہورہی ہے۔

دوسری جانب بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل کی شادی کے لیے بھارت بھر سے مہمان ریاست راجستھان کے ضلع سوائی مدھوپور پہنچنا شروع ہوگئے۔