لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ یاسرہ رضوی نے اپنی طلاق کی خبروں کو افواہ قرار دیدیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر یاسرہ رضوی نے شوہر عبدالہادی کے ہمراہ لی گئی اپنی تصویر شیئر کی جس کے ساتھ اُنہوں نے ایک وضاحتی کیپشن بھی لکھا۔
یاسرہ رضوی نے لکھا کہ یہ تصویر 3 سال پہلے لی گئی تھی لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہم اب بھی ساتھ ہیں؟
اداکارہ نے اپنی طلاق کی افواہوں پر شدید ردّعمل دیتے ہوئے سوالیہ انداز میں کہا کہ مجھے حیرت ہے کہ کیا سوشل میڈیا آنے سے پہلے بھی لوگ، اسی طرح دوسروں کی ذاتی زندگیوں پر قیاس آرائیاں کرتے تھے۔
اُنہوں نے کہا کہ لوگ باآسانی دوسروں کی ذاتی زندگیوں پر تبصرے کرتے ہیں اور ایسے محسوس کرتے ہیں کہ جیسے وہ محفوظ طریقے سے کھیل رہے ہیں۔ میرے والدین کی ایک ساتھ بہت کم تصاویر ہیں اور ان کی شادی کو تقریباً 50 سال ہو چکے ہیں لیکن وہ تو اب بھی ایک ساتھ ہیں۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں یہ نہیں بتایا کہ کون لوگ اُن کی طلاق کی خبریں پھیلا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سال 2020 میں یاسرہ اپنے سے 10 برس چھوٹے عبدالہادی سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں جبکہ رواں سال اُن کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی۔
یاسرہ رضوی نے پاکستان کے کئی نامور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں داغ، من کے موتی، مجازی خدا اور ڈنک وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے کامیاب پاکستانی فلم منٹو میں بھی کام کیا۔