لاہور: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل کی شادی میں موبائل فون نہ لانے کی خبروں کو جعلی قرار دیدیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل کی شادی کی خبریں گزشتہ ایک ماہ سے میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں اور آئے روز کوئی نئی خبر سامنے آجاتی ہے۔ دونوں بالی وڈ سٹار 9 دسمبر کو رشتہ ازداوج میں منسلک ہوجائیں گے اور شادی کی مختلف تقاریب کا آغاز ہوچکاہے ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آج سنگیت کی اور کل مہندی کی تقریب منعقد ہوگی۔
اس شادی سے متعلق بھارتی میڈیا نے بہت سے دعوے کیے، جن میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ دونوں کی شادی میں آنے والے مہمانوں کو ایک معاہدہ (Non-disclosure agreement) سائن کروایا جائے گا جس کے مطابق مہمان شادی میں شامل تو ہوں گے لیکن ان کو اس تقریب کی معلومات ظاہر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ یہ بھی خبریں گردش کررہی تھیں کہ وکی اور کترینہ کی شادی میں مہمانوں کو موبائل لانے کی اجازت نہیں ہوگی اور مہمانوں کو تب ہی انٹری ملے گی جب وہ ایک خاص کوڈ بتائیں گے۔
تاہم اب رپورٹس یہ سامنے آرہی ہیں کہ وکی کوشل اور کترینہ کیف نے جب اپنی شادی سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبروں کو سنا تو ان کو ہنسی آگئی ۔
رپورٹس کے مطابق کترینہ اوروکی کی شادی سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وکی اور کترینہ کی شادی کی تقریب چھوٹی سی ہوگی جس میں بالی وڈ کی مشہور شخصیات، قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد سمیت 120 مہمان شرکت کریں گے۔