پی سی بی کا پاور ہٹنگ کوچ بھرتی کرنے کا فیصلہ

Published On 18 December,2021 08:57 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کیلئے نئے کوچنگ سٹاف کی تلاش کا آغاز کر دیا جس میں پاور ہٹنگ کوچ کا عہدہ متعارف کرایا گیا ہے۔

5 کیٹیگریز ہائی پرفارمنس، بیٹنگ، باؤلنگ، فیلڈنگ اور پاور ہٹنگ کوچ کی اسامیوں کیلئے اشتہار جاری کر دیا گیا، منتخب افراد پی سی بی ڈویلپمنٹ پروگرام کی نگرانی کرنے کے علاوہ تمام طرز اور ہر معیار کی کرکٹ میں کوچنگ سپورٹ فراہم کرنے کیساتھ ذہنی تیاری میں بھی مددگار ہونگے، قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کیلئے بھی جلد پیشرفت کی جائیگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاور ہٹنگ کوچ کے آئیڈیا سمیت نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں فرائض کی انجام دہی کیلئے نئے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کوچز کی تلاش کی خاطر اشتہار جاری کر دیا جس میں دیگر کوالٹیز کیساتھ پانچ سالہ تجربہ بھی مانگا گیا ہے۔ پاور ہٹنگ کوچ کی اسامی کا متعارف کرایا جانا دور حاضر کی کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگی کیلئے بہت ضروری ہوگیا ہے کیونکہ تمام پاکستانی کھلاڑی یکساں طور پر لانگ ہینڈل کے استعمال میں کامیاب نہیں ہو پاتے اور پی سی بی کا نیا سیٹ اپ اس اعتبار سے نئے رجحانات پر کام کر رہا ہے۔ ہائی پرفارمنس کوچز کا فرض ہوگا کہ وہ تمام طرزوں اور ہر معیار کے کھلاڑیوں کو بہترین کوچنگ سپورٹ فراہم کریں بلکہ ان کا حقیقی کردار ہی یہی ہوگا کہ وہ نئی نسل کے کھلاڑیوں پر توجہ دیں اور ان کی صلاحیتوں کو ابھارنے پر کام کریں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے وژن کے تحت منتخب کوچز نا صرف پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کی نگرانی کرینگے بلکہ انہیں کھلاڑیوں میں اضافی اہلیت کی شناخت کا فرض بھی سونپا جائیگا جس کے مطابق وہ انفرادی طور پر ہر کھلاڑی میں موجود کسی خاص جوہر کو محسوس کر کے اس پہلو پر مزید کام کرینگے۔ نیشنل ہائی پرفارمنس کوچز کی پانچ آسامیوں کیلئے 17 جنوری 2022 کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے جس کے بعد ماہرین کا پینل امیدواروں کے انٹرویوز کریگا جبکہ قومی ٹیم کی کوچنگ کیلئے بہت جلد پیشرفت کا عندیہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں بھی جلد اشتہار کا اجرا کردیا جائیگا۔

یاد رہے کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں محمد یوسف بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں جبکہ باؤلنگ اور وکٹ کیپنگ کوچ کا عہدہ خالی ہے۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کے فیلڈنگ کوچ عبدالمجید قومی ٹیم کیساتھ فرائض نبھا رہے ہیں جس کے پیش نظر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں ہائی پروفائل کوچز لانے کا اعلان بھی کیا تھا جو ضرورت کے وقت قومی ٹیم کیلئے بھی فرائض نبھائیں گے۔
 

Advertisement