انڈر19ایشیا کرکٹ کپ:پاکستان نے افغانستان کو 4وکٹوں سے مات دیدی

Published On 23 December,2021 06:05 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)انڈر19 ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے فاسٹ باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت افغانستان کو 4 وکٹوں سے مات دیدی ہے ۔

آئی سی سی اکیڈمی دبئی میں کھیلے گئے میچ میں فاتح ٹیم نے 53 رنز کا ہدف 16.4 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔معاذ صداقت 14 رنز بناکرناٹ آؤٹ رہے۔ وکٹ کیپر حسیب اللہ 11 رنز بناکر دوسرے ٹاپ اسکورر رہے۔عبدالواحد بنگلزئی 9، محمد شہزاد اور قاسم اکرم صفر، صفرجبکہ عرفان نیازی 4 اور رضوان محمود 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔افغانستان کے نور احمد نے 3 جبکہ بلال سمیع نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل افغانستان انڈر 19 ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو احمد خان، اویس علی اور ذیشان ضمیر کی تباہ کن فاسٹ باؤلنگ کی بدولت افغان ٹیم 23.1 اوورز میں 52 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

احمد خان نے6 اوورز میں 21 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کوپویلین کی راہ دکھائی۔ اس دوران انہوں نے 2 میڈن اوورز بھی پھینکے۔ اویس علی نے 9 جبکہ ذیشان ضمیر نے 12 رنز دے کر 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے افغانستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے واحد بیٹر نانگیالیا 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔7 اوورز میں 9 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے پر اویس علی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
 

Advertisement