کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کے دل میں آج دوسرا سٹنٹ ڈالا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق دوسرا سٹنٹ عابد علی کی انجیو پلاسٹی کے بعد ڈالا جائے گا۔ ہسپتال ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈاکٹرز نے عابد علی کو دو ماہ کے لیے مکمل آرام کی ہدایت کی ہے، دو ماہ بعد عابد علی معمول کی کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کا کیریئر بچانے کے لئے اہم فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی نے عابد علی کیلئے غیر ملکی سپورٹس کارڈیالوجسٹ سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے، عابد علی کے کیرئیر کو بچانے کیلئے ان کی رپورٹس سپورٹس کارڈیالوجسٹ کو بھجوائی جائیں گی۔
عابد علی نے اپنے ویڈیو پیغام میں مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی، ویڈیو پیغام میں ٹیسٹ کرکٹر کو ہسپتال کے بستر پر لیٹے دیکھا جاسکتا ہے۔ عابد علی نے اپنی صحت سے متعلق بتایا کہ اُن کا ایک پروسیجر ہونا ہے، جس کیلئے خصوصی دعاؤں کی درخواست ہے۔