لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ قومی ٹیسٹ کرکٹر عابد علی دل کے عارضے میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
قومی ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر پی سی بی کا بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عابد علی کو ایکیوٹ کرونری سینڈروم کی تشخیص ہوئی ہے، ماہر امراض قلب نے ان کے علاج کی نگرانی شروع کردی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ مکمل علاج کے لیے ماہر امراض قلب سے مکمل رابطے میں ہیں اور اس وقت کرکٹر کی حالت بہتر ہے۔
قبل ازیں کراچی کے یو بی ایل گراؤنڈ پر سینٹرل پنجاب ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹیسٹ اوپنرعابد علی کو دوران میچ سینے اور بائیں کندھے میں تکلیف ہوئی جس کے بعد انھیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں کرکٹر کے ضروری ٹیسٹ کئے گئے۔
پی سی بی ترجمان کا کہنا تھا کہ عابد علی کی حالت خطرے سے باہر ہے ، جلد ہسپتال سے ان کی چھٹی ہو جائے گی۔