دھونی کا حارث رؤف کو تحفہ، قومی فاسٹ باؤلر خوشی سے نہال

Published On 07 January,2022 10:46 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی جانب سے شرٹ کا تحفہ بھیجنے پر خوشی سے نہال ہوگئے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کے دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے شرٹس کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ لیجنڈ اور کیپٹن کول کے نام سے شہرت رکھنے والے ایم ایس دھونی نے مجھے اپنی شرٹ کے تحفے سے نوازا ہے۔

حارث رؤف نے واضح کرتے ہوئے مزید لکھا کہ نمبر ’7‘ آج بھی اپنے مہربان اور خیر سگالی کے جذبے کے باعث دل جیت رہا ہے جبکہ انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) کی فرنچائز چنائی سپر کنگز کے ٹیم مینجر رسل کا تحفے کے حصول میں مدد کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا ۔

واضح رہے کہ بھارت کے کامیاب ترین کپتان مہندرا سنگھ دھونی اب انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں تاہم وہ لیگ کرکٹ میں آئی پی ایل فرنچائز چنائی سپر کنگز کی نمائندگی کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ حارث رؤف پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان فاسٹ باؤلر ہیں جنہوں نے بہت جلد مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں اپنا نام بنالیا ہے جبکہ گزشتہ دنوں فاسٹ حارث رؤف نے بگ بیش میں باؤنڈری پر ناقابل یقین کیچ پکڑ کرسب کو حیران کردیا تھا ۔


 

Advertisement