لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے 2021ء میں ون ڈے کے بہترین کرکٹر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے بابر اعظم کے والد نے جذباتی پیغام شیئر کر کے سب کے دل جیت لیے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر پیغام جاری کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے والد اعظم صدیق نے اپنے بیٹے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ربط کوئی نہ کچھ عرض گزاری رہے گی غیر مشروط محبت ہے یہ جاری رھے گی ، سلام پاکستان مجھے جتنی خوشی ہے رضوان ، حسن علی ، شاہین شاہ آفریدی کے ایوارڈ کی اتنی ہی خوشی بابر کی ہے ، یہ نہیں کہ بابر میرا بیٹا ہے اور کپتان بھی بلکہ بابر کو ایک طرف کر دیں میں وثوق سے کہتا ہوں پاک ٹیم انشاء اللہ دنیا کی بہترین ٹیم بن کے رہے گی ۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید لکھا کہ اس کی وجہ اچھے کھلاڑی بھی ہیں ،مگر خاص وجہ ان کا آپس کا اتفاق ، اخلاص اور اعتماد ہے ، یہ نو جوان ٹیم آگے اللہ کے فضل سے پاکستان کے لیے بہت کچھ جیتے گی ، آپس میں چھوٹے بڑے کا ادب کرنا ، ایک دوسرے کا دفاع کرنا ، آپس میں ہنسی مذاق کر نا اور جب میدان میں اترنا تو جیت کا عزم لیے ہارنے پر بھی ایک اور دوسرے کو حوصلہ دینا ، سینئرز کا جونیئرز کے ساتھ دوستانہ رویہ اور سب سے بڑھ کر انتظامیہ اور پی سی بی کا ہر طرع سے تعاون اور مکمل اختیار پوری ٹیم کے حوصلے بلند کیے ہوئے ہے ۔
بابر اعظم کے والد اعظم صدیق نے پاک کرکٹ اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہوئے لکھا کہ انشاء اللہ یہ ٹیم جو اب تک نا ممکن کو ممکن بنا رہی ہے ، آگے بھی قوم کی دعا سے فتو حات کا سلسلہ جاری رکھے گی ۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ کپتان بابر اعظم نے جیتا تھا ، انہوں نے 6 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 405 رنز بنائے ، قومی کپتان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں مگر وہ غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ایوارڈ جیتنے پر خوشی ہے، ہمیشہ فینز کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرتا ہوں، گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف 150 سے زائد رنز کی اننگز ان کی پسندیدہ اننگز تھی۔