آئی سی سی قوانین میں تبدیلیاں: سلو اوور ریٹ پر دوران میچ ہی سزا ہوگی

Published On 08 January,2022 09:23 am

دبئی: (روزنامہ دنیا) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹونٹی میچز کی پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیاں کر دی ہیں جس کا اطلاق رواں ماہ ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کے مابین ٹی ٹونٹی میچ سے ہوگا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سلو اوور ریٹ پر دورانِ میچ ہی سزا کا قانون نافذ کر دیا۔ آئی سی سی کے نئے قوانین کے مطابق ٹی ٹونٹی میچز میں سلو اوور ریٹ والی ٹیم کو میچ کے دوران ہی سزا ملے گی۔ قوانین کے مطابق دونوں اننگز میں آخری اوور کی پہلی گیند مقررہ وقت کے اندر پھینکنا ضروری ہوگا، مقررہ وقت تک اوورز مکمل نہ ہونے پر دائرے سے باہر ایک فیلڈر کم ہو جائے گا۔

آئی سی سی کے مطابق سلو اوور ریٹ اور آپشنل پانی کے وقفے کی کنڈیشنز میں ردو بدل کیا گیا ہے جس کے تحت مینز اور ویمنز ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں سلو اوور ریٹ پر پنالٹی کو متعارف کرایا گیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے سلو اوور ریٹ کی پنالٹی کے تحت سلو اووریٹ کے نتیجے میں فیلڈرز اننگز کے باقی اوورز میں 30 یارڈر کے دائرے کے اندر رہیں گے۔

آئی سی سی گورننگ باڈی کی جانب سے اننگز کے دوران پانی کے لیے ایک آپشنل وقفہ بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت اننگز کے درمیان 2 منٹ 30 سیکنڈ کے لیے پانی کا اضافی وقفہ بھی لیا جاسکتا ہے۔ آئی سی سی کے ٹی ٹونٹی کے لیے نئے قوانین کا اطلاق 16 جنوری کو ویسٹ انڈیز اور آئر لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔ قانون کا اطلاق 16 جنوری کو ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کے مابین ٹی ٹونٹی میچ سے ہوگا۔ آئی سی سی کے اس قانون کے لیے تجاویز گزشتہ سال دی گئی تھیں۔
 

Advertisement