پی ایس ایل کی پلیئنگ کنڈیشنز میں ترامیم کا اعلان

Published On 25 January,2022 08:25 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 2022 کی پلیئنگ کنڈیشنز کا اعلان کر دیا ہے جس میں کچھ ترامیم کی گئی ہیں جس کے تحت کسی کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں مذکورہ ٹیم ٹیکنیکل کمیٹی کی اجازت سے ریزرو پول میں موجود کسی بھی کھلاڑی کو متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے اپنے سکواڈ میں شامل کرسکتی ہے۔

کسی ٹیم کے کم ازکم 13 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آجائیں تو اس ٹیم کا میچ نہیں رکے گا، ایک ایمرجنگ کرکٹر سمیت پلیئنگ الیون میں کم از کم 7 اور زیادہ سے زیادہ 8 مقامی کھلاڑی شامل ہوسکتے ہیں تاہم کووڈ 19 کا شکار ہونے کی صورت میں ٹیم کو 11 کے 11 مقامی کھلاڑیوں کو بھی میدان میں اتارنے کی اجازت ہوگی، فیلڈنگ سائیڈ پر لازم ہے کہ وہ اننگز کے انیس اوورز مقررہ وقت میں مکمل کرے بصورت دیگر میچ کے آخری اوور کیلئے اس ٹیم پر 30 یارڈ کے سرکل کے باہر ایک کھلاڑی کم کھڑا کرنے کی شرط لاگو ہوگی، فائنل کے لیے ایک دن ریزرو رکھا گیا ہے۔

ریزرو ڈے پر بھی میچ مکمل نہ ہوسکا تو 30 لیگ میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر اوپر رہنے والی ٹیم کو چیمپئن قرار دیا جائیگا۔ ٹی وی امپائرباؤلر کی نوبال دیکھے گا۔
 

Advertisement