لاہور: (روزنامہ دنیا) پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز سے کھیلنے والے جنوبی افریقہ بیٹر رلی روسو نے پی ایس ایل کو دنیا کی بہترین لیگ قرار دیدیا۔
روسو کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کیلئے محفوظ مقام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل تھری میں دیگر کرکٹرز کی طرح کچھ شکوک و شبہات تھے، تاہم پہلی بار جب آیا تو سوچا تھا دنیا کو بتانا ہے کہ پاکستان کیسا ملک ہے۔
رلی روسو کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے لیے دوبارہ پاکستان آکر بہت اچھا لگ رہا ہے۔ پی ایس ایل 7 میں اپنی ٹیم کی کارکردگی کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کی ٹیم نے شاندار آغاز کیا، امید ہے سلسلہ جاری رکھیں گے۔
جنوبی افریقی بیٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ میں کرکٹ کا معیار شاندار ہے ، جتنی لیگز کھیلیں ان میں پاکستان سپر لیگ سب سے ٹاپ پر ہے ۔رلی روسو نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں پروفیشنلزم مثالی ہے ، پاکستان سپر لیگ میں جس طرح فاسٹ باؤلرز سامنے آرہے ہیں وہ حیران کن ہے ۔