راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور گرین کیپس نے ایک وکٹ کے نقصان پر 184 رنز بنا لیے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اور قومی ٹیم کو پہلا نقصان 105 رنز پر ہوا جب عبداللہ شفیق چھکا لگانے کی کوشش میں ناتھن لیون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ امام الحق 96 اور اظہر علی 39 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) March 4, 2022
قبل ازیں قومی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ سیریز کیلئے پر جوش ہیں، کوشش کریں گے کہ اچھا کھیل پیش کریں، ٹیم میں 2 اسپنرز شامل کیے ہیں۔ قومی ٹیم میں بابر اعظم کے علاوہ محمد رضوان، امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، ساجد خان، نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) March 4, 2022
سی ای او پی سی بی فیصل حسنین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان پر شکر گزار ہیں، پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا آج اہم دن ہے، حالیہ سیریز سے دنیا کو مثبت اور مضبوط پیغام جائے گا، پاکستانی عوام کی جانب سے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنا چاہتے ہیں۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) March 4, 2022
خیال رہے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک ہونے والے ٹیسٹ مقابلوں میں آسٹریلیا کو پاکستان پر واضح برتری حاصل ہے، چھیاسٹھ ٹیسٹ میچز میں تینتیس مرتبہ جیت کینگروز کا مقدر بنی، شاہینوں نے پندرہ بار میدان مارا جبکہ اٹھارہ میچز بے نتیجہ ختم ہوئے۔