کراچی میں ٹیسٹ کرکٹ کی خوبصورتی دیکھنے کو ملی: رمیز راجہ

Published On 16 March,2022 11:31 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ کراچی ٹیسٹ میں ٹیسٹ کرکٹ کی خوبصورتی دیکھنے کو ملی، پاکستان نے میچ بچانے کے لئے بہت اچھا کھیلا، پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی یہ پہلی دفاعی بیٹنگ ہے، بابر اعظم اپنی زندگی کی بہت اچھی اننگز کھیل گئے۔

کراچی ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے پر بات کرتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین نے کہا کہ دنیا کی نظریں پاکستان آسٹریلیا کے دوسرے ٹیسٹ پر تھیں، میچ کے اختتام پر پاکستان نے پریشر کو بہت اچھی طرح ختم کیا، آسٹریلیا پاکستان پر بے انتہا پریشر رکھا، مہمان ٹیم نے کلوز فیلڈنگ سے پاکستان پر پریشر ڈالا اور بہترین ٹیسٹ میچ دیکھنے کو ملا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عبداللہ شفیق کی صورت میں ہمیں ایک اور ستارہ ملا ہے، محمد رضوان کی بیٹنگ میں پریشر میں بھی ردھم تھا، رضوان کے چہرے سے بھی نہیں لگا وہ پریشر میں ہیں، تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان سے امیدیں وابستہ ہیں، پاکستانی ٹیم نے مایوس کن حالت سے کم بیک کیا۔

رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی کپتانی کا کمال یہ تھا کہ ٹیم متحد نظر آئی ہے، تمام لڑکوں کا ایک ہی فوکس تھا کہ میچ نہیں ہارنا ، دنیا نے واہ واہ کی، میچ ڈرا ہوا مگر مزہ آگیا۔