محمد یوسف کی بیٹی کی شادی، بیٹنگ کوچ کا جذباتی پیغام

Published On 18 March,2022 09:27 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے اپنی بیٹی کی شادی کے موقع پر جذباتی پیغام جاری کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے اپنی بیٹی کے سر پر ہاتھ رکھے تصویر شیئر کی، انہوں نے اپنے جذباتی پیغام میں لکھا کہ میری گڑیا تری رخصت کا دن بھی آ گیا، آخرسمٹ آیا ہے آنکھوں میں تیرا بیتا ہوا بچپن، ابھی کل کی ہی باتیں ہیں تو اک ننھی سی گڑیا تھی، میرے آنگن میں ٹھہریں گی تری یادیں، تری باتیں، لومبارک ہو تمہیں وقت سفر اب الوداع، جاؤ بابل کے نگر سے اپنے گھر الوداع، اے مری دختر مری نور نظر اب الوداع۔

خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف گزشتہ دنوں ٹیسٹ سکواڈ سے علیحدہ ہو گئے تھے، سابق کرکٹر اور قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف بیٹی کی شادی کی وجہ سے سکواڈ سے الگ ہوئے تھے۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ محمد یوسف لاہور ٹیسٹ کے دوران دوبارہ قومی سکواڈ کو جوائن کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 21 مارچ سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل سیریز کے کھیلے گئے راولپنڈی اور کراچی ٹیسٹ ڈرا ہوئے تھے۔
 

Advertisement