کرائسٹ چرچ: (دنیا نیوز) آئی سی سی ویمن ورلڈکپ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی، چھہتر رنز کی شاندار اننگز پر ڈینی ویٹ میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دی گئیں ۔
آئی سی سی ویمن ورلڈکپ میں پاکستان کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا، انگلینڈ نے قومی ٹیم کو 9 وکٹ سے ہرا دیا۔ کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی بیٹرز نے مایوس کن کھیل پیش کیا، پوری ٹیم 42 ویں اوور میں 105 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی، 8 کھلاڑی ڈبل فگرز تک بھی نہ پہنچ سکیں۔ سدرہ امین 32 اور سدرہ نواز 23 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں، کیتھرین برنٹ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
جوابی اننگز میں انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 20 ویں اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔ ڈینی ویٹ 76 اور ہیٹر نائٹ 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ قومی خواتین ٹیم اگلا میچ 26 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔