لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ نے روس پر مزید سخت پابندیاں عائد کر دیں، لندن میں روسی بینکوں کے تمام اثاثے منجمد کئے جائیں گے اور ماسکو کے بحری جہاز برطانیہ کی کسی بندرگاہ پر نہیں آسکیں گے۔ جاپان اور امریکا نے بھی نئی پابندیوں کا اعلان کردیا، روس نے ڈوبتی معیشت کو سہارا دینے کے لئے نئی پالیسی بنالی۔
یوکرین پر حملے کے بعد روس پر پابندیوں میں مسلسل اضافہ، برطانیہ نے مزید پابندیاں عائد کردیں۔ برطانوی وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ اگلے چند روز میں روس کے تمام بینکوں کے اثاثے منجمد کردیئے جائیں گے، روسی بحری جہازوں کے برطانوی بندرگاہوں میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔ حکومت نے شہریوں کو روس کے سفر سے اجتناب کرنے کا بھی کہہ دیا، برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ روس کو انٹرپول سے نکلوانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔
امریکہ نے روس کے مرکزی بینک پر مزید پابندیاں لگا دیں، ماسکو کے مرکزی بینک کے امریکہ میں موجود تمام اثاثے منجمد کئے جائیں گے۔ جاپانی وزیر اعظم نے ماسکو کے اتحادی بیلاروس کے صدر پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا۔ روس کے مرکزی بینک کے ساتھ تجارتی معاہدے کو محدود کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔
پابندیوں کے باعث ڈوبتی کرنسی کو سہارا دینے کے لئے روسی صدر نے نئے ضابطے جاری کردیئے، روسی شہریوں کی ملک سے باہر رقم کی منتقلی پر پابندی عائد کر دی گئی، کمپنیوں کو 80فیصد غیر ملکی کرنسی کو روبل میں منتقل کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ روس کے مرکزی بینک نے شرح سود 20 فیصد کردی، ماسکو نے 36 ممالک کی ایئرلائنز پر پابندیاں عائد کردیں۔ برطانیہ، سپین ، اٹلی اور کینیڈا کی فضائی کمپنیاں بھی پابندیوں کی زد میں آ گئیں۔