لاہور:(ویب ڈیسک) بلوچستان نے خیبر پختونخوا کو 8 وکٹ سے شکست دیکر پاکستان کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔
ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان کپ کے فیصلہ کن معرکے میں بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
Balochistan won by 8 wickets
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) April 1, 2022
Scorecard: https://t.co/yTqI7ffAuz#PakistanCup | #KPvBAL https://t.co/aRBh4wHdYN pic.twitter.com/GQ6pPkySLM
بلوچستان اننگز
172 رنز کا ہدف بلوچستان کی ٹیم نے صرف 2 وکٹ کے نقصان پر 31 اعشاریہ 2 اوورز میں حاصل کر لیا، عمران بٹ 17 اور حسیب اللہ خان 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عبدالواحد بنگلزئی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 80 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی، ان کے ساتھ اسد شفیق 21 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے کپتان خالد عثمان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
خیبر پختونخوا اننگز
بلوچستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کی ٹیم 171 رنز پر ہمت ہار گئی، کامران غلام کی 70 رنز کی اننگز بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، محسن خان 21، عادل امین 20 رنز بناسکے جبکہ ریحان آفریدی 27 سکور بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
فاتح ٹیم کی جانب سے کپتان یاسر شاہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، خرم شہزاد، عاکف جاوید نے 2،2 وکٹ حاصل کیں۔