ویسٹ انڈیز کیخلاف قومی ٹیم کا اعلان 23 مئی کو کیا جائیگا

Published On 14 May,2022 09:34 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف قومی ٹیم کا اعلان 23 مئی کو کیا جائیگا اور سلیکشن کے بعد انگلینڈ میں موجود کھلاڑیوں کو طلب کیا جائیگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف قومی ٹیم کا اعلان 23مئی کو کیا جائیگا اور منتخب کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 29 مئی یا یکم جون سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ اس حوالے سے پی سی بی ذرائع نے بتایا کہ اس وقت قومی ٹیم کے کئی کھلاڑی انگلینڈ میں کاؤنٹی کھیلنے کیلئے موجود ہیں، تاحال ان میں سے کسی کو پاکستان طلب نہیں کیا گیا، ٹیم کے انتخاب کے بعد ہی انگلینڈ میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کو طلب کیا جائیگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق 13 جون کو نیدر لینڈز اور سری لنکا کے ٹورزکیلئے بھی ٹیموں کا اعلان کیا جائیگا۔ پی سی بی نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کا پہلا آپشن راولپنڈی وینیو ہی ہے تاہم بیک اپ پلان میں ملتان شامل ہے جبکہ لاہور اور کراچی میں پچز تیار ہو رہی ہیں۔
 

Advertisement