کامن ویلتھ گیمز ویمنز ٹی 20: آسٹریلیا اور بھارت سیمی فائنل میں داخل

Published On 04 August,2022 06:21 pm

برمنگھم : (ویب ڈیسک) آسٹریلیا اور بھارت کی خواتین ٹیمیں کامن ویلتھ گیمز ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔

آسٹریلیا نے پاکستان کی خواتین ٹیم کو اہم میچ میں ہرا کر اور بھارت نے بارباڈوس کی ویمن ٹیم کو ہرا کر کامن ویلتھ گیمز ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے ٹاپ فور کے لئے کوالیفائی کیا۔

کامن ویلتھ گیمز کا آغاز 28 جولائی سے انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں ہوچکا ہے جس میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، ایجبسٹن، برمنگھم میں کھیلے گئے ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں آسٹریلیا کی ویمن ٹیم نے پاکستان کی ویمن ٹیم کو 44 رنز سے ہرایا تھا۔

یوں آسٹریلوی ویمن ٹیم کامن ویلتھ گیمز ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی، اسی مقام پر کھیلے گئے گروپ اے کے دوسرے میچ میں بھارت کی خواتین ٹیم نے اہم میچ میں بارباڈوس ویمن کو 100 رنز سے مات دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، بھارتی ویمن نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 162 رنز بناکر بارباڈوس ویمن کو میچ میں کامیابی کے لئے 163 رنز کا ہدف دیا، جمائمہ روڈریگز ناقابل شکست 56 ، شفالی ورما43اور دیپتی شرما ناقابل شکست 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

جواب میں بارباڈوس کی ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 62 رنز بناسکی، کیشونا نائٹ 16 رنز بناسکی، بھارتی رینو کا سنگھ نے چار کھلاڑیوں کی پویلین کی راہ دکھائی، یوں بھارتی ویمن ٹیم نے میچ میں بارباڈوس کو100 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ واضح رہے کہ ویمنز کرکٹ کمپٹیشن کے دونوں سیمی فائنل 6 اگست جبکہ فائنل 7 اگست کو کھیلا جائے گا۔
 

Advertisement