ایشیا کپ: ہانگ کانگ کو شکست، بھارت نے سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

Published On 31 August,2022 10:55 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) ایشیا کپ ٹی 20 میں بھارت نے ہانگ کانگ کو 40 رنز سے ہرا کر سپر فور مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 2 وکٹ کے نقصان پر 192 رنز بنائے، سوریا کمار یادیو نے 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 26 گیندوں پر 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ویرات کوہلی 3 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 44 گیندوں پر 59 سکور بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، کے ایل راہول 36 اور کپتان روہت شرما 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ہانگ کانگ کی جانب سے آیوش شکلا اور محمد غصنفر نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

193 رنز ہدف کے تعاقب میں شکست خوردہ ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 152 رنز بناسکی، بابر حیات نے سب سے زیادہ 41 رنز کی اننگز کھیلی، کنچت شاہ 30 سکور بناکر دوسرے نمایاں بیٹر رہے، بھوونیشور کمار، ارشدیپ سنگھ، رویندرا جدیجا اور ایوش خان نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

خیال رہے کہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم پہلے ہی سپر فور مرحلے میں جگہ بناچکی ہے جبکہ پاکستان اپنا آخری گروپ میچ جمعہ کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا۔

ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت اتوار کے روز پھر آمنے سامنے؟

اگر ہانگ کانگ کے خلاف پاکستان یہ میچ جیت جاتا ہے تو پاکستان ایک مرتبہ پھر سے اتوار کو اپنے روایتی حریف انڈیا کے خلاف میچ کھیلے گا۔

اسی طرح یکم ستمبر کو دبئی سٹیڈیم میں گروپ بی کا سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ بھی ناک آؤٹ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے، جو ٹیم یہ میچ ہارے گی وہ ایشیا کپ سے باہر ہوجائے گی۔

پاکستان ٹیم ہانگ کانگ کے خلاف جیت کی صورت میں گروپ اے میں دوسرے نمبر پر آئے گی جس کے بعد پاکستان کا سپر فور کے مرحلے میں 4 ستمبر کو انڈیا، 7 ستمبر کو بنگلہ دیش یا سری لنکا اور 9 سمتبر کو افغانستان سے میچ ہونے کا امکان ہے۔

اگر پاکستان اور انڈیا ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ جاتے ہیں تو یہ اس ٹورنامنٹ میں ان دونوں ٹیموں کا تیسرا میچ ہو گا۔

ایشیا کپ میں کھیلے گئے ابھی تک کے میچز میں افغانستان نے سری لنکا اور بنگلہ دیش اور انڈٰیا نے پاکستان کو ہرایا ہے۔
 

Advertisement