ٹی 20 رینکنگ: بابر اعظم کی حکمرانی برقرار، رضوان کی دوبارہ دوسری پوزیشن

Published On 31 August,2022 06:14 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹی 20 رینکنگ میں قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ایک مرتبہ پھر دوسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹی 20 درجہ بندی میں کپتان بابر اعظم کی حکمرانی بدستور برقرار ہے جبکہ بھارت کے سوریا کمار دوسری سے تیسری پوزیشن پر پہنچ گئے۔

بیٹر درجہ بندی

رینکنگ کے مطابق بابر اعظم 810 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، محمد رضوان 796 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، سوریا کمار یادیو 792 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، جنوبی افریقہ کے ایڈن مرکرم 792 پوائنٹس ہی کے ساتھ چوتھے اور انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان 731 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

باؤلرز درجہ بندی

آئی سی سی باؤلنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے جوز ہیزل وڈ 792 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی دوسرے، افغانستان کے راشد خان تیسرے، انگلینڈ کے عادل رشید چوتھے اور آسٹریلیا کے ایڈم زمپا پانچویں نمبر پر براجمان ہیں جبکہ کوئی بھی پاکستانی باؤلر ٹاپ ٹین میں جگہ نہ بناسکا۔

آل راؤنڈرز درجہ بندی

رینکنگ کے مطابق ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہاردیک پانڈیا ترقی کرکے پانچویں نمبر پر پہنچ گئے، اس درجہ بندی میں افغانستان کے کپتان محمد نبی پہلے، بنگلا دیش کے شکیب الحسن دوسرے، انگلینڈ کے معین علی تیسرے جبکہ آسٹریلیا کے گلین میکسویل چوتھے نمبر پر موجود ہیں، باؤلرز کی طرح آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھی کوئی بھی پاکستان ٹاپ ٹین میں شامل نہیں ہے۔
 

Advertisement