لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی مکمل طور پر فٹ ہوگئے اور وہ ورلڈ کپ کے لئے ٹیم کو دستیاب ہونگے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق شاہین شاہ آفریدی لندن میں پی سی بی کے ایڈوائزری پینل کی زیرنگرانی ری ہیب مکمل کرنے کے بعد آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2022 میں شرکت کے لیے 15 اکتوبر کو برسبین میں قومی سکواڈ کو جوائن کرلیں گے، وہ میگا ایونٹ کے لیے پاکستان کے 17 اور 19 اکتوبر کو بالترتیب انگلینڈ اور افغانستان کے خلاف شیڈول وارم اپ میچز میں شرکت کے لیے دستیاب ہوں گے، جہاں ان کی میچ فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 11, 2022
اس حوالے سے فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے قومی سکواڈ کو دوبارہ جوائن کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں، اپنے پسندیدہ کھیل سے دور رہنا ان کے لیے آسان نہیں تھا، اس دوران وہ کئی دلچسپ اور سنسنی خیز میچز نہیں کھیل سکے۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ وہ گزشتہ 10 روز سے روزانہ بغیر کسی درد کے تیز رفتاری سے چھ سے آٹھ اوورز پھینک رہے ہیں، بلاشبہ وہ نیٹ میں باؤلنگ اور بیٹنگ کررہے ہیں مگر میچ کا کوئی نعمل البدل نہیں اور وہ اس ماحول میں واپسی کے لیے مکمل تیار ہیں۔
نوجوان فاسٹ باؤلر نے کہا کہ ری ہیب کا یہ پروگرام بہت سخت اور مشکل تھا مگر ایک پیشہ ور کھلاڑی کی طرح وہ اس سے بھرپور لطف اندوز ہوئے ہیں اور حقیقت یہی ہے کہ وہ اب خود کو بہت بہتر محسوس کررہے ہیں، اب صرف انتظار ہے تو اس کا کہ وہ کب پلیئنگ شرٹ زیب تن کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ پی سی بی میڈیکل پینل اور کرسٹل پیلس ایف سی کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے انہیں یہاں ری ہیب کے لیے طبی سہولیات استعمال کرنے کی اجازت دی ۔
دوسر ی جانب فخر زمان بھی شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ لندن سے برسبین پہنچیں گے، وہ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ قومی سکواڈ کے ٹریول ریزرو کا حصہ ہیں، اس دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ باؤلنگ کوچ عمر رشید بھی ان کے ہمراہ ہوں گے، فخر زمان وہاں ٹیم ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو کی زیرنگرانی اپنا ری ہیب مکمل کریں گے۔