لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنے بیٹنگ کے شعبے کو مضبوط کرتے ہوئے فخر زمان کو اپنے 15 رکنی سکواڈ میں شامل کیا ہے جبکہ عثمان قادر کو باہر کردیا گیا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق فخر زمان جن کا اصل میں اسٹینڈ بائی کھلاڑیوں کی فہرست میں نام تھا نے لیگ سپنر عثمان قادر کی جگہ لی ہے۔
خیال رہے کہ بائیں ہاتھ کے بلے باز کو ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف فیلڈنگ کرتے ہوئے گھٹنے میں چوٹ لگی تھی جس کے نتیجے میں انہیں آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی ٹورنامنٹ کے لئے ٹریول ریزور کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا، فخر اب 23 اکتوبر کو بھارت کے خلاف پاکستان کے افتتاحی میچ میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ فخر زمان نے حالیہ ایشیا کپ کے دوران اپنے 6 میچوں میں صرف 96 رنز بنائے جس میں ایک گروپ میچ میں ہانگ کانگ کے خلاف نصف سنچری بھی شامل تھی۔
دریں اثنا عثمان قادر نے ستمبر میں انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹی 20 کے دوران فیلڈنگ کے دوران انگوٹھے میں چوٹ لگنے کے بعد سے کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا تھا۔
نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش پر مشتمل ٹی 20 سہ فریقی سیریز جیتنے کے بعد ورلڈ کپ میں پاکستان کا حوصلہ بلند ہوگا، بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان نے کین ولیمسن کی نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سہ فریقی سیریز جیت لی۔
اگرچہ پاکستان کا بیٹنگ کا شعبہ بہت زیادہ بابر اور محمد رضوان کی فارم پر منحصر ہے، تاہم سہ فریقی سیریز میں محمد نواز کی شاندار بلے بازی کے بعد ایشیائی ٹیم نے اپنے مڈل آرڈر میں کچھ انتہائی ضروری تبدیلی کی ہے۔
پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ سکواڈ
قومی ٹیم میں بابر اعظم کپتان، شاداب خان نائب کپتان، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود شامل ہیں۔
سٹینڈ بائی کھلاڑیوں میں عثمان قادر، محمد حارث اور شاہنواز دھانی کو رکھا گیا ہے۔
ورلڈ کپ 2022 میں پاکستان کے میچز کا شیڈول
23 اکتوبر کو پاکستان کا پہلا میچ میلبرن میں بھارت کے خلاف کھیلا جائے گا،27 اور 30 اکتوبر کو پرتھ میں کوالیفائر کے ساتھ میچ ہونگے۔
3 نومبر کو قومی ٹیم سڈنی کے مقام پر جنوبی افریقا کے خلاف میدان میں اترے گی جبکہ 6 نومبر کو گرین شرٹس کا مقابلہ ایڈیلیڈ میں بنگلا دیش کے ساتھ ہوگا