ہوبارٹ: (دنیا نیوز) ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 12 کے مرحلے میں سری لنکا نے آئرلینڈ کو 9 وکٹ سے شکست دے دی۔
ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں آئر لینڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔
آئرلینڈ کے ہیری ٹیکٹر 42 بالز پر 45 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ اوپنر پال اسٹرلنگ نے 25 بالز پر 34 رنز بنائے،کپتان اینڈی بالبرنی ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ لورکن ٹکر 10، کرٹس کیمفر 2، جارج ڈوکریل 14، گیرتھ ڈیلانی 9، مارک ایڈیئر صفر رنز بنا سکے۔ سیمی سنگھ 7 اور بیری میکارتھی 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کے مہیش ٹھیکشانا اور ونندو ہسارنگا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بائینورا فرنینڈو، لاہیرو کمارا، چمیکا کرونا رتنے اور دھنن جیا دی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 15 ویں اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، ڈی سلوا 31 رن بنا کر پویلین لوٹے، گوشال مینڈس نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 68 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔