لاہور: (ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈکپ کے 27 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 65 رنز سے شکست دیدی۔ گلین فلپس مرد میدان قرار پائے۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو آغاز اچھا نہ تھا، پہلے تین کھلاڑی محض 15 سکور پر پویلین لوٹ گئے تھے، ایلن 1، کانووے 1 اور کپتان ولیمسن 8 پر آؤٹ ہوئے۔ اس دوران گلین فلپس نے ڈیرل مچل کے ہمراہ مل کر سکور کو آگے بڑھایا۔ چوتھی وکٹ 99 سکور پرگری جب ڈیرل مچل بولڈ ہو گئے۔
کیویز کی طرف سے فلپس نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ایونٹ کی دوسری سنچری بنائی، انہوں نے 64 گیندوں پر 104 سکور کی باری کھیلی، دیگر کھلاڑیوں میں نیشم 5، سینٹر 11، سودی 1 رنز بنا سکے، مقررہ اوورز میں ٹیم 7 وکٹوں پر 167 رنز بنا سکی، رجیتھا نے دو شکار کیے۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 102 رنز پر ڈھیر ہو گئی، شناکا 35 اور راجہ پاکسا 34 سکور بنا کر نمایاں رہے، دیگر کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر اننگز میں داخل نہ ہو سکا، بولٹ نے چار وکٹیں حاصل کیں، سینٹر اور سودی نے 2.2 شکار کیے۔۔شاندار سنچری بنانے پر فلپس مرد میدان قرار پائے۔