ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان نے بھی نیدر لینڈز کو فائدہ پہنچایا

Published On 06 November,2022 07:00 pm

لاہور: ( ویب ڈیسک ) ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 کے میچز اپنے اختتام کو پہنچ چکے ہیں، پاکستان، بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں فائنل فور میں بھی جگہ بناچکی ہیں، آج کے دن کی خاص بات یہ رہی کہ جس طرح نیدر لینڈز نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے میں مدد کی اسی طرح قومی ٹیم نے بھی نیدر لینڈز کو فائدہ پہنچایا۔

خیال رہے کہ آج نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو اپ سیٹ شکست دی جس کے باعث پاکستان کے لیے سیمی فائنل میں رسائی ممکن اور قدرے آسان ہوگئی۔

پاکستان نے بنگلادیش کو 5 وکٹ سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی تاہم پاکستان کی جیت سے نیدرلینڈز کو بھی بڑا فائدہ ہوگیا کیونکہ بنگلادیش کی شکست کی وجہ سے نیدرلینڈز گروپ میں چوتھے نمبر پر آگیا اور یوں آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے لیئے براہ راست کوالیفائی کرگیا۔

سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ایک ویڈیو پر وائرل ہورہی ہے، جنوبی افریقا کو شکست دے کر جب ڈچ ٹیم گراؤنڈ سے باہر آرہی تھی تو پاکستانی ٹیم بنگلادیش کے خلاف میچ کے لیے گراؤنڈ میں داخل ہو رہی تھی۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ڈچ ٹیم کو ہاتھ ہلا کر مبارک باد دی جس پر ہالینڈ کےکھلاڑی ٹام کوپر نے بھی زوردار الفاظ میں کہا اب آپ کو اپنی جیت کو یقینی بنانا ہے تاکہ ہم چوتھے نمبر پر پہنچ جائیں۔

پاکستان کی بنگلا دیش کے خلاف فتح کے بعد نیدر لینڈز کی 2024 کے ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی ہوگئی جبکہ بنگال ٹائیگرز کو کوالیفائنگ مرحلے سے گزرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ نواں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ جون 2024 میں ویسٹ انڈیز اور امریکا میں کھیلا جائے گا۔
 

Advertisement