ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کو 5 وکٹ سے شکست، انگلینڈ دوسری مرتبہ چیمپئن بن گیا

Published On 13 November,2022 03:59 pm

لاہور: ( ویب ڈیسک ) ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کو 5 وکٹ سے شکست دے کر انگلینڈ دوسری مرتبہ چیمپئن بن گیا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا جہاں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

انگلینڈ اننگز

138 رنز ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے کپتان جوز بٹلر اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا، ہیلز پہلے اوور کی آخری گیند پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، تاہم جوز بٹلر نے پر اعتماد بلے بازی کا مظاہرہ کیا، وہ 1 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 26 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

فل سالٹ نے 10 رنز بنائے اور حارث رؤف کی ہی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹر ہری بروک تھے جنہوں نے 20 رنز بنائے اور شاداب خان کی گیند پر حارث رؤف کو کیچ دے بیٹھے۔

اس طرح انگلش ٹیم نے مقررہ ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، بین سٹوکس نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 1 چھکے، 5 چوکوں کی مدد سے 49 گیندوں پر 52 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، لیام لیونگسٹون بھی 1 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے سب سے زیادہ 2 جبکہ شاہین شاہ  آفریدی، شاداب خان اور محمد وسیم جونیئر نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

پلیئر آف دی میچ/ ٹورنامنٹ

انگلش فاسٹ باؤلر سیم کرن کو میچ میں 3 جبکہ ٹورنامنٹ میں 13 وکٹ لینے پر فائنل اور میگا ایونٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
 

پاکستان اننگز

قومی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے انتہائی مایوس کن بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر صرف 137 رنز بنائے، اوپنر محمد رضوان 15 رنز بنا کر سیم کرن کا شکار بنے جبکہ ٹیم کے 45 کے مجموعی سکور پر محمد حارث 8 اور بابر 32 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر آؤٹ ہوئے، افتخار احمد صفر پر بین سٹوکس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

شان مسعود کو 38 اور محمد نواز کو 5 رنز پر سیم کرن نے جبکہ شاداب کو 20 رنز پر کرس جورڈن نے آؤٹ کیا جبکہ محمد وسیم جونیئر 4 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن نے 3، عادل رشید اور کرس جورڈن نے 2، 2 جبکہ بین سٹوکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ پلیئنگ الیون

پاکستان پلیئنگ الیون

شاہین کی انجری کی وجہ سے میچ کا نتیجہ مختلف دیکھنا پڑا: بابر اعظم

 قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی انجری کی وجہ سے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں پاکستان کو  مختلف نتیجہ  دیکھنا پڑا۔

خیال رہے کہ شاہین شاہ آفریدی ہیری بروک کا کیچ لیتے ہوئے انجری کا شکار ہوگئے تھے، وہ 16ویں اوور میں باؤلنگ کرنے آئے جب انگلینڈ کو آخری 30 گیندوں پر ابھی 41 رنز درکار تھے، شاہین نے پہلا گیند کروایا مگر وہ اوور مکمل نہ کروا سکے اور گراؤنڈ سے باہر چلے گئے، افتخار احمد نے اوور مکمل کیا لیکن بین سٹوکس کو باؤلنگ کرتے ہوئے ایک چوکا اور ایک چھکا لگا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم کو مبارک ہو، ہمیں ایسا لگا جیسے ہر کوئی ہمیں سپورٹ کرنے کے لیے یہاں آیا ہے، آپ کا بہت بہت شکریہ، گزشتہ چار میچوں میں ٹیم جس طرح سے گزری ہے وہ ناقابل یقین ہے، میں نے لڑکوں سے کہا کہ وہ آزادی کے ساتھ اپنا قدرتی کھیل کھیلیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان اس جگہ سے بہت کم تھا جہاں وہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی اننگز کو ختم کرنا چاہتے تھے، لیکن انہوں نے تیز گیند بازوں کی بھرپور کوشش کرنے کی تعریف کی کہ ہم 20 رنز کم تھے لیکن آخری اوور تک لڑنا ناقابل یقین تھا، ہماری باؤلنگ بہترین میں سے ایک ہے لیکن بدقسمتی سے شاہین کی انجری کی وجہ سے ہمیں ایک مختلف نتیجہ بھگتنا پڑا، لیکن یہ کھیل کا حصہ ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل، بھارت میں میچ دیکھتے کشمیری طلبا پر انتہا پسندوں کا تشدد

 انتہا پسندوں کی جانب سے بھارت میں کرکٹ کا فائنل میچ دیکھنے والے کشمیری طلبا کو تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا۔

کشمیری میڈیا کے مطابق لالہ لجپت رائے یونیورسٹی پنجاب میں ہندو انتہا پسند ہاسٹل میں گھس گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انتہا پسندوں نے کشمیری طالب علموں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔



 

Advertisement