شاہین کی انجری کی وجہ سے میچ کا نتیجہ مختلف دیکھنا پڑا: بابر اعظم

Published On 13 November,2022 07:50 pm

لاہور: ( ویب ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی انجری کی وجہ سے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں پاکستان کو 'مختلف نتیجہ' دیکھنا پڑا۔

خیال رہے کہ شاہین شاہ آفریدی ہیری بروک کا کیچ لیتے ہوئے انجری کا شکار ہوگئے تھے، وہ 16ویں اوور میں باؤلنگ کرنے آئے جب انگلینڈ کو آخری 30 گیندوں پر ابھی 41 رنز درکار تھے، شاہین نے پہلا گیند کروایا مگر وہ اوور مکمل نہ کروا سکے اور گراؤنڈ سے باہر چلے گئے، افتخار احمد نے اوور مکمل کیا لیکن بین سٹوکس کو باؤلنگ کرتے ہوئے ایک چوکا اور ایک چھکا لگا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم کو مبارک ہو، ہمیں ایسا لگا جیسے ہر کوئی ہمیں سپورٹ کرنے کے لیے یہاں آیا ہے، آپ کا بہت بہت شکریہ، گزشتہ چار میچوں میں ٹیم جس طرح سے گزری ہے وہ ناقابل یقین ہے، میں نے لڑکوں سے کہا کہ وہ آزادی کے ساتھ اپنا قدرتی کھیل کھیلیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان اس جگہ سے بہت کم تھا جہاں وہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی اننگز کو ختم کرنا چاہتے تھے، لیکن انہوں نے تیز گیند بازوں کی بھرپور کوشش کرنے کی تعریف کی کہ ہم 20 رنز کم تھے لیکن آخری اوور تک لڑنا ناقابل یقین تھا، ہماری باؤلنگ بہترین میں سے ایک ہے لیکن بدقسمتی سے شاہین کی انجری کی وجہ سے ہمیں ایک مختلف نتیجہ بھگتنا پڑا، لیکن یہ کھیل کا حصہ ہے۔
 

Advertisement