دوسرا ویمنز ٹی 20: پاکستان کی آئرلینڈ کو 6 وکٹ سے شکست

Published On 14 November,2022 06:21 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان نے آئرلینڈ کو دوسرے ٹی 20 میچ میں 6 وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی ٹی سیریز 1۔1 سے برابر کردی۔

بارش کی وجہ سے میچ 17 اوورز فی سائیڈ کر دیا گیا، 119 رنز کا ہدف پاکستان نے 16 اوورز میں چار وکٹ کے نقصان حاصل کرلیا، اوپنر جویریہ خان نے سب سے زیادہ 39 گیندوں پر 35 رنز بنائے جبکہ ندا ڈار نے 25 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔

عائشہ نسیم نے 12 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 25 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، آرلین کیلی واحد کامیاب باؤلر تھیں جنہوں نے تین اوورز میں ایک وکٹ حاصل کی اور 18 رنز دیئے۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آئرلینڈ کو 17 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 118 رنز تک محدود کیا، آئرلینڈ کی جانب سے ایمی ہنٹر نے 39 گیندوں پر 3 چوکوں کے ساتھ سب سے زیادہ 36 رنز بنائے، ندا ڈار اور ناشرا سندھو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ندا ڈار کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

قبل ازیں ہفتہ کو لاہور میں خواتین کے پہلے ٹی 20 میں آئرلینڈ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی، تیسرا ٹی ٹوئنٹی اسی مقام پر 16 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ ٹی 20 سیریز سے قبل پاکستان نے ون ڈے سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ کیا تھا۔