پاکستان انگلینڈ کا پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں ہی کھیلے جانے کا قوی امکان

Published On 18 November,2022 10:19 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں سیاسی غیر یقینی، احتجاج کے باوجود 17 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلش ٹیم کے ساتھ پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ میں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والا راولپنڈی ٹیسٹ میچ کراچی منتقل کر دیا جائے گا۔ بڑھتی ہوئی سیاسی صورتحال کے باعث قوی امکانات تھے، یہ فیصلہ جلد ہو جائے گا۔

تاہم کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ کرک انفو نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سیاسی افراتفری کے باوجود 17 سال پاکستان آنے والی انگلش ٹیم پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں ہی کھیلے گی جبکہ دوسرا ٹیسٹ ملتان اور تیسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں ہو گا۔

کرک انفو کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ پاکستان میں ہونے والی سیاسی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے، حال ہی میں سکیورٹی ایڈوائزر ریگ ڈکاسن نے ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان کا دورہ بھی کیا تھا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا تھا، یہ جائزہ ایسے وقت میں لیا گیا جب انگلش ٹیم چند ماہ قبل 7 میچز پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کھیل کر گئی تھی۔

یاد رہے کہ راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹر ہے ، اس کے ساتھ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی ہے، دو ہفتے قبل ایک ریلی کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا، وزیر آباد میں ان کی ٹانگ پر گولیاں لگیں تھیں جو گزشتہ چھ ماہ سے ملک میں انتخابات کے لیے ملک بھر میں جلسے اور مارچ کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے احتجاج کے درمیان راولپنڈی سٹیڈیم میں سندھ اور خیبرپختونخوا کے درمیان قائد اعظم ٹرافی کا کھیل پہلے ایک دن کے لیے مؤخر کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ٹیمیں ہوٹل سے سٹیڈیم کا سفر نہیں کر سکیں۔
کرک انفو کے مطابق لانگ مارچ کے وقت سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث کافی حد تک غیر یقینی ہے۔ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ کب اسلام آباد داخل ہو گا تاحال معلوم نہیں البتہ عمران خان راولپنڈی پہنچنے کا اعلان ہفتہ کو کریں گے۔

انگلینڈ 26 نومبر کو پاکستان کے لیے روانہ ہونے سے پہلے ابوظہبی میں ایک ہفتہ گزارے گا۔
 

 
Advertisement