شعیب اختر سے ملاقات کرنیوالا 3 سالہ بچہ عمارت سے گر کر جاں بحق

Published On 18 November,2022 06:08 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق سپیڈ سٹار شعیب اختر سے شارجہ میں گزشتہ دنوں ملاقات کرنے والا 3 سالہ بچہ عمارت کی 14ویں منزل سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔

راولپنڈی ایکسپریس نے بچے کی حادثاتی موت کی غیر ملکی ویب سائٹ کی خبر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی۔

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر انہوں نے لکھا کہ شارجہ میں بک فیئر کے دوران یہ بچہ گزشتہ اتوار کو ہی میرے پاس دوڑ کر آیا تھا، اس کے گھر والوں نے اگلے دن شکریہ کی ویڈیو بھی بھیجی تھی۔

سابق فاسٹ باؤلر نے بچے سے ملاقات اور پیار کے اظہارکی ویڈیو بھی اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کی اور لکھا کہ اس خوبصورت بچے کے انتقال کا سن کر بہت دکھ ہوا۔

دوسری جانب دبئی کے خبر رساں ادارے میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق شارجہ میں عمارت کی 14 ویں منزل سے گرنے والے پاکستانی بچے کے والدین سے پولیس غفلت کے شبے میں پوچھ گچھ کر رہی ہے۔

پولیس کی تحقیقات کے مطابق بچہ سو کر اٹھنے کے بعد ماں کو ڈھونڈتے ہوئے کھڑکی کے نیچے لگے بستر پر چڑھا اور کھڑکی سے نیچے گرا۔
 

Advertisement