لاہور: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر ناصر حسین پاکستانی کپتان بابر اعظم کے دفاع میں سامنے آ گئے۔
انگلینڈ سے ہوم گراؤنڈ پر سیریز میں شکست کے بعد قومی کپتان بابراعظم کو سوشل میڈیا پر خاصہ تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اس کے علاوہ کچھ افراد کپتان تبدیل کرنے کا بھی مطالبہ کررہے ہیں۔
ایک سپورٹس ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ناصر حسین نے کہا کہ لوگوں کو بابر کی طرف تھوڑی نرمی سے پیش آنا چاہیے وہ اس وقت ایک مرحلے سے گزر رہے ہیں جہاں ان سے رنز نہیں ہورہے ۔
ناصر حسین نے کہا لوگوں کو اندازہ نہیں ہے کہ بابر کس قدر اچھا ہے، اس کی قدر اس وقت ہوگی جب وہ چلا جائے گا کیونکہ اس کے پاس ایک خاص ٹیلنٹ ہے ۔
ناصر حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ اپنے فاسٹ باؤلرز کو آرام دے اور انہیں تبدیل کرتا رہے، نسیم اور شاہین دونوں ہی پاکستان کے لیے اہم ترین باؤلرز ہیں اور انہیں تینوں فارمیٹ کھلانے کے باعث محتاظ رہنے کی ضرورت ہے ۔
اس سے قبل میچ کے دوران ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین کا بابر کی کپتانی سے متعلق کہنا تھا کہ اس وقت تک کپتان تبدیل نہیں کرنا چاہیے جب تک آپ کے پاس اس سے اچھا آپشن نہ ہو۔
میچ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ بابراعظم اچھے کپتان ہیں لیکن وہ اپنے فیلڈرز کو فیلڈ سے دور رکھتے ہیں اور انگلش کپتان بین سٹوکس کی طرح پارٹ ٹائمرز کا استعمال نہیں کرتے، کپتان کو ہمیشہ سیکھتے رہنا چاہیے ۔
سابق انگلش کپتان نے یہ بھی کہا کہ بابر کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے کیونکہ ان کے جادوئی باؤلر شاہین اس وقت ٹیم میں موجود نہیں، ہم سب نے دیکھا ہے کہ شاہین نے آسٹریلیا کے خلاف کس قدر شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا ۔