ملتان: (ویب ڈیسک ) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ملتان ٹیسٹ میں ہم سے غلطیاں ہوئیں ، کوشش کریں گے کہ جو غلطیاں ہوئیں انہیں کراچی ٹیسٹ میں نہ دھرایا جائے۔
پاک انگلینڈ میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے پہلی اننگز میں اچھی بیٹنگ نہیں کی اور چند کھلاڑیوں نے اپنی وکٹیں گنوائیں لیکن دوسری اننگزمیں ہم نے باؤلنگ میں اچھی فائٹ کی لیکن بدقسمتی سے اچھا فنش نہیں کر سکے۔
قومی کپتان نے کہا کہ دوسری اننگز میں بلے بازوں نے بھی اچھا مقابلہ کیا، امام اور سعود شکیل اور پھر سعود اور نواز کے درمیان اچھی شراکت قائم ہوئیں، ٹیل اینڈرز نے بھی اچھا مقابلہ کیا لیکن اچھا فنش نہ کر سکے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ سعود شکیل کا آؤٹ ہمیں مہنگا پڑ گیا، ہمیں لگا کہ بال زمین کے ساتھ ٹچ ہوا ہے لیکن امپائر کے فیصلے کو ماننا پڑتا ہے اور امپائر کا فیصلہ آخری ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سے ٹیسٹ میچ میں غلطیاں ہوئی ہیں، ہم جیت سکتے تھے، ہم آسٹریلیا کے خلاف بھی اور اب بھی اچھا فنش نہیں کر پائے، ہمیں اچھا فنش کرنا چاہیے تھا۔
کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کراچی ٹیسٹ میں اچھا کرنے کی کوشش کریں گے اور کوشش کریں گے کہ جو غلطیاں اس ٹیسٹ میں ہوئیں انہیں نہ دھرایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری یہ ٹیسٹ ٹیم تھوڑی مختلف ہے، ہمارے پاس 4 سے 5 وائٹ بال والے کھلاڑی ہیں کیوں کہ مکمل طور پر ٹیم کو ٹیسٹ کے لیے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
اُنہوں نے ابرار احمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ابرار احمد نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
قومی کپتان نے خود پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں پرفارم کروں تو کہتے ہیں کہ میں صرف آسان صورتحال میں پرفارم کرتا ہوں، اگر کسی میچ میں پرفارم نہ کرسکوں تو کہتے ہیں کہ جب صورتحال مشکل ہوتی ہے تو میں پرفارم نہیں کرتا۔
واضح رہے کہ ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 26 رنز سے شکست دیکر 3 میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔