لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف میں شامل ثقلین مشتاق اور شان ٹیٹ کی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز آخری اسائنمنٹ ہے جبکہ ہیڈ کوچ کے لیے مکی آرتھر مضبوط امیدوار ہیں۔
کرکٹ بورڈ نے ثقلین مشتاق اور شان ٹیٹ کی ایک سال کے لیے رواں برس فروری میں تقرری کی تھی، ہیڈ کوچ اور باؤلنگ کوچ کی ایک سالہ تقرری کا اعلامیہ بھی جاری کیا تھا۔
ہیڈ کوچ اور باؤلنگ کوچ کی مدت فروری 2023 میں ختم ہو جائے گی جبکہ این ایچ پی سی کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کی سیریز ٹو سیریز تقرری ہوتی رہی ہے، ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کے کہنے پر محمد یوسف مستقل ٹیم کے ساتھ ہی تعینات رہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اب ہیڈ کوچ، بولنگ کوچ اور بیٹنگ کوچ کی تقرری کے عمل آغاز کرے گا۔
چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کوچ کی تقرری کے بارے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا آئندہ کوچ غیر ملکی ہوگا، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے مکی آرتھر مضبوط امیدوار ہیں۔
واضح رہے کہ مکی آرتھر 2016 سے 2019 تک قومی ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں، ان کی کوچنگ میں پاکستان ٹیم نے چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین بھی مکی آرتھر کی تقرری کے حق میں ہیں، جلد کوچ کی تقرری کے باضابطہ طریقہ کار کا آغاز کر دیا جائے گا۔