آئی سی سی نے سال کے چار بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی

Published On 28 December,2022 10:51 pm

دبئی: (دنیا نیوز) آئی سی سی نے ابھرتے ہوئے سال کے بہترین چار نامزد کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی، پاکستانی کوئی کھلاڑی شامل نہیں۔

آئی سی سی کی فہرست کے مطابق ابھرتے ہوئے نامزد کرکٹرز میں دو فاسٹ بولر اور دو ہی اوپنرز شامل ہیں، نامزد کرکٹرز میں بھارتی ارشدیپ سنگھ، جنوبی افریقی مارکو جینسن، افغانی ابراہیم زردان اور نیوزی لینڈ کے فِن ایلن شامل ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ سال کے بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی کی فہرست میں کوئی پاکستانی شامل نہیں۔

ارشدیب سنگھ

 پاکستان کے خلاف ٹی20 ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بھارت کے نوجوان پیسر نے ابتداء میں قومی ٹٰم کے کپتان بابراعظم کو پہلی گیند پر آؤٹ کیا جبکہ میچ میں 33 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

نوجوان پیسر ارشدیب نے 18.12 کی اوسط سے ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں اب تک 33 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

ابراہیم زادران

افغانستان کے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں نوجوان بلےباز ابراہیم زدران نے اہم کامیابیاں سمیٹیں، ورلڈکپ میں کوالیفانگ راؤنڈ میں 7 ون ڈے میچز میں 431 رنز بنائے جس میں 3 سینچریاں شامل تھیں۔

زدران نے پالیکیلے میں سری لنکا کے مضبوط باؤلنگ اٹیک کے خلاف 162 رنز بنائے جو کسی بھی افغان بلےباز کی جانب سے سب سے بڑا انفرادی اسکور تھا۔

فن ایلن

ٹی20 ورلڈکپ 2022 کے افتتاحی میچ میں فلن ایلن نے آسٹریلیا کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کیا، انہوں نے محض 16 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی، جس نے کینگروز کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔

انہوں نے 21.63 کی اوسط سے 411 رنز اسکور کیے جبکہ انکا اسٹرائیک ریٹ 155 سے زائد رہا، ون ڈے میں 38.70 کی اوسط سے 387 رنز اسکور کیے۔

مارکو جینسن

جنوبی افریقہ کے دراز قد کے فاسٹ بولر مارکو جینسن نے دورہ آسٹریلیا اور انگلینڈ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، انگلینڈ کے خلاف افریقی بالر نے 35 کے عوض 5 شکار کیے۔

انہوں نے 19.02 کی اوسط سے 36 ٹیسٹ وکٹیں جبکہ 229 رنز بنائے جبکہ ون ڈے میں 2 اور ٹی20 میں ایک وکٹ حاصل کی۔