نیو دہلی : (ویب ڈیسک ) روس کے معروف قانون دان اور سوسیج انڈسٹری ٹائیکون پاول انتوف بھارت کے ایک ہوٹل میں مردہ پائے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے پولیس کا بتانا ہے کہ قانون دان اور بزنس ٹائیکون پاول انتوف ہوٹل کی تیسری منزل سے گر ہلاک ہوئے ہیں اور وہ ہوٹل کے باہر مردہ حالت میں پائے گئے ۔
دو روز قبل ان کے ساتھ آنے والے روسی دوست بھی ہوٹل میں پرسرار طور پر مردہ پائے گئے تھے جن کے قبضے سے شراب کی بوتلیں بھی برآمد ہوئیں۔
انتوف کا شمار ماسکو کے مشرقی شہر ولادیمیر کی معروف شخصیات میں ہوتا ہے ، وہ مشرقی ریاست اوڑیسہ کے دورے پر تھے اور حال ہی میں انہوں نے ہوٹل میں اپنی سالگرہ منائی تھی ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے اس واقعے کے بعد روسی باشندوں کی موت کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ دوست کی موت کے بعد پاول ذہنی دباؤ کا شکار تھے جس کی وجہ سے ان موت واقع ہوئی جبکہ بھارتی میڈیا کی جانب سے ٹائیکون کی موت کو خودکشی قرار دیا جارہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی میں قائم روسی سفارتخانے کی جانب سے دونوں شہریوں کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔
کولکتہ میں روسی قونصل جنرل کا کہنا ہے کہ وہ انتظامیہ سے رابطے میں ہیں اور پولیس کو دستیاب معلومات کے مطابق کوئی مجرمانہ پہلو نظر نہیں آرہا ہے۔