کراچی ٹیسٹ : پہلی اننگ میں برتری کی کوشش کریں گے: امام الحق

Published On 04 January,2023 01:56 am

کراچی : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق نے کہا ہے کہ کراچی ٹیسٹ کا تیسرا روز ٹیم کیلئے بہت اہم ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگ میں برتری حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

منگل کو کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں امام الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں اچھا کھیل پیش کیا اور جس طرح قومی ٹیم نے شاندار واپسی کی ہمیں امید تھی کہ نیوزی لینڈ کو 350 تک محدود کرلیں گے تاہم انہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو 450 تک پہنچا دیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں خسارے کو ختم کرکے برتری حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ، نیوزی لینڈ ایک سخت ٹیم اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور وہ اپنی حکمت عملی سے ہمیں چیلنج دے سکتی ہے، ہمیں اپنی بیٹنگ کو مضبوط بنانا ہوگا۔

بابراعظم کے رن آئوٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امام الحق نے کہا کہ یہ کرکٹ ہے اور رن آئوٹ کھیل کا حصہ ہے، بابراعظم نے میری رن نہ لینے کی آواز نہیں سنی، کرکٹ میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔ ماضی میں بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف میں ایسے ہی آؤٹ ہو چکا ہوں۔