لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے سابق چیئرمین رمیز راجا نے بطور چیئرمین بورڈ بلٹ پروف گاڑی کے استعمال کے حوالے سے بڑا انکشاف کر دیا۔
نجی انٹرویو کے دوران سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے بورڈ کے خرچ پر ایک کروڑ 35 لاکھ کی بلٹ پروف گاڑی رکھنے کے سوال پر انکشاف کیا کہ وہ گاڑی اس لیے دی گئی تھی کہ آسٹریلوی ٹیم کے دورے کے دوران مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملیں، اس کے بعد ڈی آئی جی اور پولیس میرے گھر آئی، رپورٹ ہوئی اور مجھے گاڑی دی گئی۔
سابق چیئرمین نے کہا کہ کوئی بھی شخص تب تک بلٹ پروف گاڑی استعمال نہیں کر سکتا جب تک اسے قتل کی دھمکیاں نہ ملیں اور یہی وجہ تھی کہ مجھے بلٹ پروف گاڑی دی گئی۔
رمیز راجا نے مزید کہا کہ میرے زیر استعمال بلٹ پروف گاڑی اب واپس بورڈ کے پاس ہے جسے بورڈ کے نئے چیئرمین استعمال کریں گے۔