دوسرا ٹیسٹ: کیویز نے پاکستان کیخلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنا لیے

Published On 02 January,2023 05:36 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنا لیے۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں اوپنر ڈیون کانوے نے سنچری مکمل کی لیکن چائے کے وقفے کے بعد ڈیون کانوے 122 رنز کی اننگز کھیل کر سلمان آغا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کین ولیمسن 36 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیرل مچل 3 رنز بنا کر سلمان آغا کی گیند پر بولڈ ہوگئے،ہینری نکولس 26 رنز اور اور مائیکل بریسویل صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

پہلے سیشن میں کیوی ٹیم کے اوپنرز نے 119 رنز بنائے تھے تاہم کھانے کے وقفے کے بعد ٹام لیتھم 71 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

ٹاس

اس سے قبل کراچی کے نیشنل بینک ارینا میں کیوی ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔


پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، فاسٹ باؤلر محمد وسیم جونیئر اور محمد نعمان ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، ان دونوں کھلاڑیوں کی جگہ فاسٹ باؤلرز حسن علی اور نسیم شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کرتے، بہت مثبت سوچ کے ساتھ جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم

نیوزی لینڈ سکواڈ

کیویز کی جانب سے ٹم ساؤتھی (کپتان)، ٹام لیتھم، ڈیون کانوے، کین ولیمسن، ہنری نکلوس، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مائیکل بریس ویل، ایش سودھی، میٹ ہنری اور اعجاز پٹیل ٹیم کا حصہ ہیں۔

پاکستانی سکواڈ

قومی سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود، سعود شکیل، سرفراز احمد، آغا سلمان، حسن علی، نسیم شاہ، میر حمزہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔