کراچی ٹیسٹ: کیویز 449 رنز پر ڈھیر، پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنا لئے

Published On 03 January,2023 05:19 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کی پہلی اننگز میں کیویز ٹیم شاہینوں کے خلاف 449 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جبکہ شاہینوں نے جواب میں 3 وکٹوں کے نقصان پر154 رنز بنا لئے۔

دوسرا روز

پاکستان کے اوپنر عبداللہ شفیق 19 رنز اور شان مسعود 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابراعظم 24 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ نے میچ کے دوسرے روز اپنی بقیہ اننگز 309 رنز 6 وکٹوں پر شروع کی لیکن اش سودھی 11 رنز پر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے، ٹام بلنڈل 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان ٹم ساؤتھی 10 رنز بنا کر واپس پویلین چلتے بنے۔

قومی خواتین ٹیم کی کھلاڑیوں نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل دیکھا۔

مزید برآں قومی خواتین ٹیم نے نیشنل بینک کر کٹ ارینا میں وقار یونس اور عروج ممتاز سے ملاقات کی، وقار یونس اور عروج ممتاز کا پاکستان ویمن ٹیم کے لیے آسٹریلیا سیریز اور ویمن ورلڈ کپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔

پہلا روز

کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز دوسرے سیشن میں اوپنر ڈیون کانوے نے سنچری مکمل کی لیکن چائے کے وقفے کے بعد ڈیون کانوے 122 رنز کی اننگز کھیل کر سلمان آغا کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے، کین ولیمسن 36 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیرل مچل 3 رنز بنا کر سلمان آغا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

ہینری نکولس 26 رنز اور اور مائیکل بریسویل صفر پر پویلین لوٹ گئے، پہلے روز کھیل کے اختتام پر ٹام بلنڈل 30 اور اش سودھی 11 رنز پر وکٹ پر موجود تھے۔

پہلے سیشن میں کیوی ٹیم کے اوپنرز نے 119 رنز بنائے تھے تاہم کھانے کے وقفے کے بعد ٹام لیتھم 71 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

کھانے کے وقفے سے قبل پاکستان نے اپنے تمام پانچ باؤلرز کو آزمایہ تھا تاہم کوئی بھی باؤلر وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا تھا۔

ٹاس

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، قومی ٹیم نے محمد وسیم اور اسپنر نعمان علی کی جگہ فاسٹ بولر حسن علی اور نسیم شاہ کو شامل کیا جبکہ مہمان ٹیم نے فاسٹ بولر نیل واگنر کی جگہ میٹ ہینری کو ٹیم کا حصہ بنایا۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا، سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے، نیشنل سٹیڈیم میں دوسرا ٹیسٹ دیکھنے کے لیے تماشائیوں کا داخلہ مفت ہے۔

قومی سکواڈ

قومی سکواڈ میں امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود، کپتان بابراعظم، سعود شکیل، وکٹ کیپر سرفراز احمد، آغا سلمان، حسن علی، نسیم شاہ، ابرار احمد اور میر حمزہ شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ ٹیم

کیویز کی جانب سے ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ہینری نکولس، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، کپتان ٹم ساوتھی، اش سودھی، میٹ ہینری اور اعجاز پٹیل ٹیم کا حصہ ہیں۔