لاہور: (ویب ڈیسک) ستمبر میں شیڈول ون ڈے ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھ دیا گیا، تیسری ٹیم کوالیفائر ون ہو گی جبکہ دوسرے گروپ میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ایشین کرکٹ کونسل نے سالانہ کلینڈر اور پاتھ وے سٹرکچر کا اعلان کرتے ہوئے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے سپرد ہی رکھی ہے جبکہ کیلنڈر آف ایونٹس میں میزبان ملک کا ذکر نہیں، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو ایک بار پھر ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب اے سی سی کے صدر جے شاہ اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایشیاکپ میں بھارتی ٹیم وہاں نہیں جائے گی۔
جون میں ویمنز ٹی20 ایمرجنگ ایشیا کپ بھی شیڈول ہے جس میں انڈیا اے، پاکستان اے، تھائی لینڈ، ہانگ کانگ، بنگلہ دیش اے، سری لنکا اے، یوے ای اور ملائیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔
اس کے ساتھ مینز ایمرجنگ ٹیم ایشیا کپ 50 اوورز فارمیٹ کو جگہ دی گئی ہے جس میں بھارت اے، پاکستان اے، سری لنکا اے ، کوالیفائر ون ایک گروپ میں ہیں، دوسرے گروپ میں افغانستان اے، بنگلہ دیش اے اور دو کوالیفائر ٹیمیں ہوں گی۔
دسمبر میں مینز انڈر 19 ایشیا کپ بھی پروگرام کا حصہ ہے جس میں پاکستان، دو کوالیفائر ٹیمیں ایک گروپ میں ہوں گی جبکہ دوسرے گروپ میں بنگلہ دیش، افغانستان سری لنکا اور ایک کوالیفائر ٹیم کو حصہ بنایا گیا ہے۔