کراچی: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔
قومی ٹیم کے عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کیا۔
شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ون ڈے سکواڈ میں کپتان بابراعظم، فخر زمان، حارث رؤف، حارث سہیل، امام الحق، کامران غلام، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان آغا، شاہ نواز دھانی، شان مسعود، طیب طاہر اور اسامہ میر شامل ہیں۔
Pakistan squad for the three-match ODI series against New Zealand #PAKvNZ | #TayyariKiwiHai pic.twitter.com/XIULDIB8A0
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 5, 2023
شاہد آفریدی نے بتایا کہ شاداب خان کو انجری کے باعث سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے کہا کہ کپتان اور سلیکٹرز ایک پیج پر ہیں، ہماری ذمہ داری اپنی ہے، کپتان اپنی ذمہ داری نبھاتا ہے۔
بابر اعظم کا ذکر کرتے ہوئے آفریدی کا کہنا تھا کہ بابر اعظم جتنا بڑا کھلاڑی ہے اس کو اتنا ہی اچھا کپتان دیکھنا چاہتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ ایسی کرسی ہے کہ اکثر لوگ ناراض ہوں گے، یہ انصاف کی جگہ ہے، سب کو خوش نہیں کرسکتا،ڈومیسٹک کرکٹ کی پرفارمنس بہت اہمیت رکھتی ہے، سلیکشن کمیٹی نے تمام مشاورت مکمل کرلی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز رواں ماہ نو تاریخ سے ہو رہا ہے، پہلا ون ڈے میچ 9، دوسرا 11 اور تیسرا 13 جنوری کو کراچی میں شیڈول ہیں۔