لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ لاہور قلندرز کے مقامی کھلاڑیوں کا کیمپ 4 فروری سے شروع ہو گا، قلندرز کی انتظامیہ پی ایس ایل 8 کے لیے پرجوش ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نجی انٹرویو میں عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے پہلے چار ایڈیشنز مشکل تھے، وہ مشکل وقت ختم ہو چکا ہے، ہماری کمی کپتان کی تھی جو شاہین شاہ آفریدی نے پوری کر دی ہے۔
سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ اس وقت ٹیم کمبی نیشن کے لیے لاہور قلندرز کے پاس جتنے آپشنز ہیں کسی اور کے پاس نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کپتانی پر فوکس کرنے کی بجائے دوسرے معاملات دیکھے جو زیادہ اہم ہیں، کپتانی کے حوالے سے یکدم شور مچنا پتہ نہیں کیوں شروع ہو گیا ہے، بورڈ نے پہلے ہی نائب کپتان کا تقرر کر کے غلط فیصلہ کیا اب جلد بازی میں نہیں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہو گا۔