سڈنی : ( ویب ڈیسک ) آسٹریلیا ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمن کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان نارتھ سڈنی اوول سڈنی میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان ویمن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 118 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اس نے میزبان ویمن ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 119رنز کا ہدف دیا، آسٹریلوی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت پاکستان خواتین ٹیم کی 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرپائیں ، عمائمہ سہیل 30،عائشہ نسیم 24 اور جویریہ خان 16 رنز بناکر دوہرا ہندسہ عبور کر سکیں۔
آسٹریلین ویمن ٹیم کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میگن شٹ نے 5 ، ایلیسی پری اور الانا کنگ نے دو، دو جبکہ جیس جونسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں ایلیسی پری کی ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت میزبان ویمن ٹیم نےمطلوبہ ہدف باآسانی 13.4 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان کے حاصل کر کے تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
آسٹریلیا کی میگن شٹ کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔